کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے صدر کا معروف کاروباری مرکز سیل کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے صدر میں ضلعی انتظامیہ نے سیوریج کا پانی سڑک پر پھیلنے اور نکاسی آب کا نظام درست نہ کیے جانے پر الیکٹرانک مارکیٹ میں واقع اماں ٹاور کو سیل کردیا۔

ضلعی انتظامیہ جنوبی کے مطابق اماں ٹاور کی عمارت میں نکاسی آب کا نظام درست نہ ہونے کے باعث سیوریج کا پانی سڑک پر پھیل رہا تھا، جس سے نہ صرف گندگی میں اضافہ ہورہا تھا بلکہ شہریوں اور راہ گیروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے واقعے سے متعلق رپورٹ کمشنر کراچی کو پیش کردی ہے۔ عمارت کے خلاف کارروائی اسسٹنٹ کمشنر صدر نے پولیس کی معاونت اور واٹر کارپوریشن سے مشاورت کے بعد کی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اماں ٹاور کی انتظامیہ کو نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے اور سیوریج کے پانی کے سڑک پر اخراج کو روکنے کے لیے متعدد مرتبہ تنبیہ کی گئی تھی، تاہم مسلسل ہدایات کے باوجود عمارت کی انتظامیہ نے نکاسی آب کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے۔

حکام کے مطابق عمارت کے ناقص نکاسی آب کے نظام کی وجہ سے سیوریج کا گندا پانی سڑک پر جمع ہونے کے ساتھ اطراف کے علاقے میں بھی گندگی پھیل رہی تھی، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا تھا۔

ضلعی انتظامیہ نے اماں ٹاور میں قائم دکانوں کے مالکان کو بھی اپنے نکاسی آب کے نظام کو درست کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق عوامی مشکلات اور صفائی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عمارت کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ضلعی انتظامیہ جنوبی نے واضح کیا ہے کہ اماں ٹاور کے نکاسی آب کے نظام کی مکمل بحالی اور خرابی دور کیے جانے کے بعد عمارت کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

حکام کے مطابق شہریوں کو درپیش مسائل کے خاتمے اور سڑکوں پر سیوریج کا پانی پھیلنے سے روکنے کے لیے ایسے مقامات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی جہاں ناقص نکاسی آب کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

Related Posts