معروف پاکستانی کوہ پیما عاصمہ مشتاق اسپینٹک کی چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران بلند مقام پر طبیعت خراب ہونے کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف کوہ پیما اور سیاح عاصمہ مشتاق حال ہی میں قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپینٹک چوٹی کو سر کرنے والی مہم میں شامل ہوئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنے رہنما علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی صحت بہتر رہی۔
تاہم اسپینٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران بلند مقام کے باعث ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ ان کے رہنما نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں، جس نے ساتھی کوہ پیماؤں سمیت ملک بھر میں ان کے مداحوں کو غمزدہ کردیا۔
خیال رہے کہ عاصمہ مشتاق 7 فروری 1992 کو پیدا ہوئی تھیں اور انہیں پہاڑوں سے گہری محبت اور مہم جوئی کے شوق کے باعث کوہ پیمائی کی برادری میں شہرت حاصل ہوئی۔ سوشل میڈیا پر عاصمہ مشتاق کے انتقال کی خبر پر عوام کی بڑی تعداد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ بلند مقامات پر پیدا ہونے والی بیماری خطرناک اور جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے، اس لیے ایسی صورتحال میں بروقت طبی امداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ کئی افراد نے عاصمہ مشتاق کی پہاڑوں، قدرتی مناظر اور سفر سے محبت کو یاد کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








