قومی شناختی دستاویزات کے اجرا اور ان کے حصول کے لیے کون سا پلیٹ فارم کارآمد ہے اور کس سہولت کے لیے کہاں رجوع کرنا ہوگا؟ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اس حوالے سے تفصیلی ضابطہ کار جاری کر دیا ہے۔
ملک بھر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے جملہ پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ اور دیگر لازمی اسناد جاری کرنے والا نادرا واحد مستند ادارہ ہے۔ شہریوں کی سہولت اور دفتری رش کو کم کرنے کے لیے ادارے نے متعدد ذرائع متعارف کروا رکھے ہیں جن میں آن لائن پاک آئی ڈی پلیٹ فارم، روایتی ضلعی دفاتر، بیرون ملک قائم مشنز، ای سہولت فرنچائزز اور موبائل رجسٹریشن وینز شامل ہیں تاہم تمام خدمات ہر جگہ دستیاب نہیں ہیں جس کی وضاحت نیچے دی گئی ہے۔

1. نیا قومی شناختی کارڈ (CNIC) کا اجرا
کہاں دستیاب ہے: نادرا رجسٹریشن سینٹرز، موبائل وینز، بائیکر سروس، مین پیک اور بیرون ملک موجود پاکستانی سفارت خانوں یا قونصل خانوں سے۔
کہاں دستیاب نہیں: پاک آئی ڈی پورٹل، ای سہولت مراکز اور کیاسک مشینوں کے ذریعے نیا شناختی کارڈ نہیں بنوایا جا سکتا۔
2. شناختی کارڈ کی تجدید (Renewal)
کہاں دستیاب ہے: یہ سہولت نادرا کے تمام منظور شدہ اور مجاز پلیٹ فارمز اور مراکز پر یکساں طور پر مہیا کی گئی ہے۔
3. شناختی کارڈ میں کوائف کی تبدیلی یا ترمیم
کہاں دستیاب ہے: نادرا دفاتر، پاک آئی ڈی آن لائن سسٹم، موبائل وینز، بائیکر سروس، مین پیک اور اوورسیز سینٹرز۔
کہاں دستیاب نہیں: ای سہولت کے مراکز اور کیاسک مشینوں پر کوائف کی درستگی یا تبدیلی کا عمل ممکن نہیں۔
4. گم شدہ یا چوری شدہ شناختی کارڈ کا حصول (Duplicate/Reprint)
کہاں دستیاب ہے: کارڈ گم ہونے یا خراب ہونے پر اس کی دوبارہ فراہمی کی سہولت نادرا کے جملہ مجاز مراکز اور ذرائع پر دستیاب ہے۔
5. نیا نائیکوپ (NICOP) بنوانا
کہاں دستیاب ہے: نادرا سینٹرز، پاک آئی ڈی، موبائل وینز، بائیکر سروس، مین پیک اور بین الاقوامی دفاتر۔
کہاں دستیاب نہیں: ای سہولت مراکز اور کیاسک مشینوں کے ذریعے نائکوپ کے اجرا کی سہولت موجود نہیں۔
6. نائکوپ کی تجدید
کہاں دستیاب ہے: یہ سہولت بھی نادرا کے تمام مقررہ دفاتر اور آن لائن ذرائع سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
7. نیا پاکستان اوریجن کارڈ (POC)
کہاں دستیاب ہے: نادرا کے مرکزی دفاتر، پاک آئی ڈی، موبائل وینز، بائیکر سروس، مین پیک اور اوورسیز مراکز۔
کہاں دستیاب نہیں: ای سہولت مراکز اور کیاسک مشینوں سے پی او سی کارڈ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
8. نیا ب-فارم (B-Form / CRC)
کہاں دستیاب ہے: نادرا سینٹرز، پاک آئی ڈی، ای سہولت مراکز، موبائل وینز، بائیکر سروس، مین پیک اور بین الاقوامی مراکز۔
کہاں دستیاب نہیں: یہ سہولت کیاسک مشینوں پر مہیا نہیں کی گئی۔
9. فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC)
کہاں دستیاب ہے: ایف آر سی کا حصول ای سہولت مرکز کے علاوہ نادرا کے باقی تمام منظور شدہ پلیٹ فارمز سے باآسانی ممکن ہے۔
10. سرٹیفکیٹس کی منسوخی (Cancellation Certificate)
کہاں دستیاب ہے: نادرا کے توسط سے جاری کردہ کسی بھی سند یا سرٹیفکیٹ کی منسوخی کا عمل ملک بھر کے کسی بھی مجاز نادرا مرکز کے ذریعے مکمل کروایا جا سکتا ہے۔
11. جانشینی سرٹیفکیٹ (Succession Certificate)
نوٹ: ملک کے اندر ہوں یا بیرون ملک مقیم ہوں، ہر پاکستانی شہری کے لیے لازم ہے کہ وہ جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کی غرض سے پاکستان میں واقع کسی بھی متعلقہ نادرا سینٹر کا خود دورہ کرے۔ اس خاص خدمت کے لیے کوئی دوسرا ڈیجیٹل یا متبادل مرکز دستیاب نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








