متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ حکام نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اماراتی وزارت داخلہ نے منگل کو حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو آپریشن میں ایمبولینس سروس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران جائے حادثہ کو محفوظ بنایا گیا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔
وزارت داخلہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں اور تازہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں پیش آنے والا یہ دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 12 نومبر کو ریاست فجیرہ میں متعدد گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔
حکام کے مطابق فجیرہ حادثے میں ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا جس کے باعث ٹرک کئی دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








