صبح سویرے پاکستان کے ساحلی علاقے کے قریب سمندر میں زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا تاہم خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ محکمہ موسمیات نے زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے آج صبح مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 31 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز بحیرہ عرب میں کیٹی بندر سے 156 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع سمندری علاقے میں تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.5 تھی۔ قریبی ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد نے زلزلے کے ہلکے سے درمیانے درجے کے جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاع دی ہے۔
حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور متعلقہ ادارے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں پرسکون رہیں اور زلزلے سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








