میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سی ٹی ڈی سندھ نے مقتول کی ایپل واچ کامیابی سے ان لاک کر لی ہے، جس سے تفتیش کاروں کو اہم ڈیجیٹل شواہد حاصل ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ایپل واچ سے لین دین کا ریکارڈ اور دیگر اہم معلومات ملی ہیں، جو کیس کی تحقیقات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا ملزمان تک پہنچنے اور واقعے کی کڑیاں جوڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
تحقیقات کے دوران ایسٹ پولیس نے میر رضا علی کا موبائل فون اور ایپل واچ تحویل میں لی تھی، تاہم دونوں ڈیوائسز سے ڈیٹا حذف کیا گیا تھا۔ بعد ازاں آئی فون اور ایپل واچ کو فرانزک تجزیے کے لیے سی ٹی ڈی کے خصوصی ٹیکنیکل سینٹر بھیجا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل ٹیم نے ایپل واچ کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے، تاہم تاحال آئی فون کا پاس کوڈ توڑنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس سے متعلق مزید اہم معلومات بھی حاصل کی گئی ہیں، جبکہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پیشرفت سے متعلق اہم پریس کانفرنس متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ میر رضا علی کی لاش 24 سے 36 گھنٹے پرانی تھی اور جسم پر گولی لگنے کے شواہد بھی سامنے آئے تھے، جس کے بعد پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








