میر رضا علی کیس، قبر کشائی کے لیے پرانا میڈیکل بورڈ بحال

تازہ ترین

تازہ ترین

محکمہ صحت سندھ نے میر رضا علی کیس میں قبر کشائی کے لیے پرانے میڈیکل بورڈ کو دوبارہ بحال کردیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل بورڈ میں پیتھالوجسٹ، فرانزک ماہرین، میڈیکو لیگل افسران اور پولیس سرجن آفس کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے، جو میر رضا علی کی قبر کشائی اور اس کے بعد ہونے والے طبی و فرانزک معائنے کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فرانزک ایکسپرٹ ڈاکٹر فرح وسیم، پیتھالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد، سی پی ایل سی شناخت پروجیکٹ کے فرانزک آئیڈینٹیفکیشن ایکسپرٹ عامر حسن، ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سری چند، ڈاکٹر کامران خان، ڈاکٹر دانیال مرزا، ڈاکٹر محمد یاسین اور ڈاکٹر سمیعہ سید کو میڈیکل بورڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ ضرورت پڑنے پر مزید متعلقہ ماہرین کو بھی شامل کرسکے گا تاکہ قبر کشائی کے بعد ہونے والے طبی اور فرانزک عمل کو مکمل طور پر ماہرین کی نگرانی میں انجام دیا جاسکے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس میر رضا علی کی قبر کشائی کل کروانا چاہتی ہے، تاہم قبر کشائی کے وقت اور طریقہ کار سے متعلق حتمی فیصلہ میر رضا علی کے اہلخانہ اور میڈیکل بورڈ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

میر رضا علی کیس میں قبر کشائی کا معاملہ اس وقت اہمیت اختیار کرگیا ہے جب ان کی موت سے متعلق ابتدائی طبی رپورٹ اور تحقیقات کے مختلف پہلوؤں پر سوالات سامنے آئے تھے۔ اب بحال کیے گئے میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں قبر کشائی کے بعد حاصل ہونے والے شواہد اور طبی نمونوں کا دوبارہ فرانزک جائزہ لیا جائے گا۔

Related Posts