روزانہ قیمتیں بدلنے کا فیصلہ واپس لینے کیلئے پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کو بڑی دھمکی دیدی

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے وزارت پیٹرولیم کو دی گئی 15 روزہ مہلت ختم ہونے کے بعد اہم اجلاس طلب کرلیا، جس میں ملک گیر ہڑتال اور پیٹرول پمپ بند کرنے کے آپشن پر غور کیا جائے گا۔

پی پی ڈی اے کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کا ہنگامی اجلاس 10 اگست بروز پیر طلب کیا گیا ہے، جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ حکومت کے سامنے رکھے گئے مطالبات پر پیشرفت نہ ہونے کی صورت میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے اور ہڑتال کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جائے گا۔ پی پی ڈی اے نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو ہنگامی خط بھی ارسال کیا ہے، جس میں ڈیلرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری پیشرفت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وائس چیئرمین پی پی ڈی اے انوار کمال کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی نے ڈیلرز کو شدید مالی بحران سے دوچار کردیا ہے۔ ان کے مطابق قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے باعث ڈیلرز کے اسٹاک پر نقصان ہورہا ہے جبکہ کاروبار کے لیے درکار ورکنگ کیپیٹل بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے پیٹرولیم ڈیلرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اگر حکومت نے ڈیلرز کے مسائل کا قابل عمل حل نہ نکالا تو ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انوار کمال کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز حکومت سے تصادم نہیں چاہتے بلکہ اپنے مسائل کا قابل عمل اور پائیدار حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیلرز کے تحفظات دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ہڑتال یا پیٹرول پمپس کی بندش کی نوبت نہ آئے۔

پی پی ڈی اے کے ہنگامی اجلاس میں حکومت سے مذاکرات، مطالبات پر پیشرفت اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

Related Posts