ترسیلاتِ زر میں بڑا اضافہ! سمندر پار پاکستانیوں نے کتنے ارب ڈالر وطن بھیجے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ملک کی معیشت کو سہارا دینے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اگست 2026 کے دوران 3 ارب 65 کروڑ 60 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے ہیں۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اگست میں موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 16.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جولائی 2026ء کے مقابلے میں بھی ترسیلات میں 0.7 فیصد معمولی اضافہ ہوا۔

مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ، یعنی جولائی اور اگست کے دوران مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان آئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 6.4 ارب ڈالر تھی۔ یوں رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیادوں پر 14.7 فیصد اضافہ ہوا۔

کن ممالک سے سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر آئیں؟

اگست 2026 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سب سے زیادہ رقوم بھیجنے والے تارکینِ وطن رہے۔ سعودی عرب سے پاکستان 87 کروڑ 35 لاکھ ڈالر موصول ہوئے جو اگست 2025 کے 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں تاہم جولائی 2026ء کے مقابلے میں سعودی عرب سے آنے والی ترسیلات میں 4 فیصد کمی ہوئی کیونکہ جولائی میں یہ رقم 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھی۔

متحدہ عرب امارات سے آنے والی ترسیلاتِ زر اگست 2026 میں 74 کروڑ 98 لاکھ ڈالر رہیں جو گزشتہ سال اگست میں موصول ہونے والے 64 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔ ماہانہ بنیاد پر بھی یو اے ای سے ترسیلات میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا کیونکہ جولائی میں یہ رقم 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھی۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے اگست میں 56 کروڑ 37 لاکھ ڈالر وطن بھیجے جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں موصول ہونے والے 46 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے 22 فیصد زیادہ ہیں۔

امریکا سے پاکستان آنے والی ترسیلاتِ زر اگست 2026 میں 30 کروڑ 89 لاکھ ڈالر رہیں۔ یہ اگست 2025 کے 26 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہیں، تاہم جولائی 2026ء کے مقابلے میں امریکا سے آنے والی ترسیلات میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

یورپی یونین کے رکن ممالک سے اگست میں مجموعی طور پر 49 کروڑ 60 لاکھ ڈالر پاکستان منتقل کیے گئے جو جولائی 2026 میں موصول ہونے والے 46 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیاد پر 7 فیصد زیادہ ہیں۔

Related Posts