میر رضا قتل کیس: بہن کے سنگین دعوے، سی سی ٹی وی فوٹیج اب تک منظرِ عام پر نہ آسکی

تازہ ترین

تازہ ترین

نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم، سی سی ٹی وی فوٹیج، کاروباری روابط اور اہلخانہ کے دعوؤں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے اور اسے منظرِ عام پر لانے کے معاملے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی نے فوٹیج جاری کرنے کے امکان کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب تک یہ ویڈیو عوام یا اہلخانہ کے سامنے نہیں لائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کا ابتدائی پوسٹ مارٹم کرنے والے میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) ڈاکٹر اسامہ شیخ سے بھی تحقیقات کی گئی ہیں، جبکہ ان کا موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم نے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید سے بھی پوسٹ مارٹم رپورٹس کے حوالے سے معاونت حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے رپورٹ میں استعمال ہونے والی طبی اصطلاحات کی وضاحت کی اور تفتیشی افسران کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

دوسری جانب مقتول کے اہلخانہ نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر میر رضا کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے پاس موجود ہے تو اسے خاندان کے ساتھ کیوں شیئر نہیں کیا جا رہا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے کاروباری شراکت دار کو بھی ممکنہ طور پر شاملِ تفتیش کیا جا سکتا ہے تاکہ کیس کے تمام پہلوؤں کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

ادھر مقتول کی بہن نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ خاندان کو فراہم کی گئی پولیس سیکیورٹی اچانک واپس لے لی گئی۔ ان کے مطابق درخواست پر ایک پولیس اہلکار تعینات کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اہلخانہ کو آگاہ کیے بغیر سیکیورٹی ختم کر دی گئی۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ خاندان کی گاڑی کا مشکوک گاڑیوں نے تعاقب بھی کیا۔ ان کے مطابق ایک موقع پر دو گاڑیاں ان کے والد کی گاڑی کے پیچھے تھیں، جس پر انہوں نے حفاظتی اقدام کے طور پر راستہ تبدیل کیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کے دعوؤں، پوسٹ مارٹم رپورٹس، سی سی ٹی وی فوٹیج، ممکنہ کاروباری روابط اور دیگر دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے سے متعلق حقائق اور ذمہ داروں کے بارے میں واضح تصویر سامنے آ سکے گی۔

Related Posts