70کنال اراضی پر قبضہ کئے جانے کے خلاف مقامی شہریوں کا شدید احتجاج

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد:تھانہ بہارہ کہو کے علاقہ پھلگراں میں کروڑوں روپے مالیتی 70 کنال اراضی پر پولیس کی سرپرستی میں لینڈ مافیا کی طرف سے قبضہ کئے جانے پر مقامی شہریوں نے کلمہ چوک بہارہ کہو میں شدید احتجاج کیا اور روڈ بلاک کیا۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کا سرغنہ یار محمد نامی افغانی باشندہ نے محکمہ جنگلات اور سی ڈی اے کی اراضی پر قبضہ کرکے یار محمد سوسائٹی کے نام سے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنا رکھی ہے۔ جسے مقامی پولیس کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

متاثرہ شہری راجہ محمد ریاض کا کہنا ہے کہ سابق ایم این اے انجم عقیل خان کی ایماء پر لینڈ مافیا یار محمد افغانی، سردار امان ہماری قیمتی اراضی پر قبضہ کررہی ہے۔

جنہیں ایس پی عمر خان، ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو انسپکٹر حبیب، سب انسپکٹر حنیف کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ پولیس نے ہمارے خلاف اب تک سات جھوٹے مقدمات درج کئے۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ ہماری جدی پشتی جگہ ہے جس کا خسرہ نمبر 392 ہے۔ جس میں سے 35 کنال میرے نام پر ہے اور 35 کنال میرے بھائی محمد رازق کے نام ہے۔

مقامی عدالتوں سے تین مرتبہ ہمارے حق میں بھی فیصلہ آچکا ہے۔ لیکن اس کے باوجود پولیس کی ملی بھگت سے قبضہ مافیا ہمیں اپنی جگہ سے دستبردار کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

متاثرین نے وزیر داخلہ، آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور ڈی آئی جی آپریشنز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرین کا کہنا ہے ہماری اراضی سے قبضہ ختم کیا جائے۔