گھر بیٹھے الیکٹرک بائیک اور مالی امداد حاصل کرنے کا طریقہ جانئے

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلاحی پروگرام ’’مریم کو بتائیں‘‘ کے تحت صوبے کے مستحق افراد کے لیے مالی امداد سمیت مختلف سہولتیں گھر بیٹھے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پروگرام کے ذریعے ضرورت مند شہریوں کو 10 ہزار روپے تک مالی معاونت کے علاوہ علاج معالجے اور دیگر ضروری سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مختلف طبقات کی فلاح و بہبود اور مستحق شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے متعدد فلاحی پروگرام شروع کیے ہیں، جن میں ’’مریم کو بتائیں‘‘ پروگرام بھی شامل ہے۔

اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد کے ساتھ ساتھ علاج میں معاونت، وہیل چیئرز، بیساکھی، الیکٹرک بائیک اور ہیئرنگ ایڈ سمیت مختلف سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق پروگرام کا مقصد ضرورت مند افراد کو سرکاری امداد کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچانا اور انہیں ان کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق ’’مریم کو بتائیں‘‘ پروگرام کے تحت اب تک 80 ہزار سے زائد افراد کو مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ اہل افراد کو 10 ہزار روپے تک مالی امداد سمیت دیگر سہولتیں بھی گھر کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔

حکومت پنجاب کے مطابق جو شہری پروگرام کی مقررہ اہلیت پر پورا اترتے ہیں اور مالی یا دیگر امداد حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ گھر بیٹھے رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرسکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے شہری ’’1000‘‘ پر کال کرکے پروگرام سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مریم کو بتائیں پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی آن لائن درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ پروگرام کے ذریعے مستحق شہریوں تک براہ راست رسائی حاصل کرکے انہیں ان کی ضرورت کے مطابق مالی اور دیگر ضروری معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

Related Posts