سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے بڑی خوشخبری، خصوصی الاؤنس اور پنشن میں اضافہ

تازہ ترین

تازہ ترین

خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے معذور سرکاری ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس اور لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کردیا ہے۔

محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معذور سرکاری ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ نئے الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خصوصی کنوینس الاؤنس میں اضافے کا فائدہ لوکل کونسل بورڈ کے افسران اور اہلکاروں کو بھی حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کے اہل معذور ملازمین بھی نئے الاؤنس سے مستفید ہوں گے۔

محکمہ بلدیات کے مطابق خصوصی کنوینس الاؤنس فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ شرائط و ضوابط کے تحت ادا کیا جائے گا۔ الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ لوکل کونسل بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جبکہ اس حوالے سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے 14 جولائی 2026 کے مراسلے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کے لیے بھی بڑا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام متعلقہ پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

پنشن میں اضافے سے لوکل کونسل بورڈ کے علاوہ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور خیبرپختونخوا کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے پنشنرز مستفید ہوں گے۔

حکام کے مطابق الاؤنس اور پنشن میں اضافے کا مقصد متعلقہ سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو موجودہ معاشی حالات میں مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئے فیصلوں کے بعد اہل ملازمین اور پنشنرز کو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اضافی مالی فوائد حاصل ہوں گے۔

Related Posts