ٹاپ 100 ای چالان نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع، گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور میں ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے ای چالان نادہندگان کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، جس کے تحت سب سے زیادہ جرمانوں کے حامل ٹاپ 100 نادہندگان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے مسلسل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی نادہندہ گاڑیوں کا سراغ لگانے اور انہیں قبضے میں لینے کی ہدایت کردی ہے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ٹاپ 10 ای چالان نادہندگان میں شامل ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ مذکورہ ڈرائیور کے خلاف ٹریفک قوانین کی 80 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوچکی تھیں، جن پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 10 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

حکام کے مطابق ملزم نے کارروائی سے بچنے کے لیے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ بھی لگا رکھی تھی، جس پر مزید خلاف ورزیاں سامنے آنے کے بعد 21 ہزار روپے کے اضافی چالان کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ای چالان کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جبکہ نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق ای چالان نادہندگان کے لیے 14 مختلف پولیس سروسز بھی محدود کردی گئی ہیں، تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی عدم ادائیگی کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور عائد کیے گئے ای چالان بروقت ادا کریں، بصورت دیگر مسلسل نادہندگی کی صورت میں قانونی کارروائی اور دیگر سہولیات کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Related Posts