خیبرپختونخوا میں جعلی اسلحہ لائسنس کے بڑے اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے، جہاں جرائم پیشہ افراد مبینہ طور پر سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے جعلی اسلحہ لائسنس تیار کر کے مہنگے داموں فروخت کر رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان گھر میں ہی سرکاری اسلحہ لائسنس تیار کرتے تھے، جن کی قیمت 80 ہزار روپے سے لے کر اڑھائی لاکھ روپے تک وصول کی جاتی تھی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ جعلی لائسنس بنانے میں محکمہ داخلہ کی لائسنس برانچ کے ایک اہلکار کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، پرنٹر، سیاہی کی بوتلیں، 700 کارڈز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات کیلئے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








