اسلام آباد: پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا و زیریں کا مشترکہ اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں بڑی پیشرفت متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کے روز بلانے کا اعلان کیا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سمیت انتخابی اصلاحات کے دیگر بلز پیش کیے جائیں گے۔
حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کیلئے اتحادیوں سے ڈیل کر لی
مریم نواز کی وزیر اعظم پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے پر تنقید
پارلیمنٹ کا 11 نومبر کوہونے والا مشترکہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا
گزشتہ روز حکومت اتحادی رہنماؤں کے تحفظات دور کرنے کیلئے دن بھر متحرک رہی۔ وزیر اعظم عمران خان نے ق لیگی رہنماؤں سے ملاقات اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کی۔ اتحادیوں کے تحفظات پر بات چیت ہوئی۔
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے وفد کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دی گئی۔ تحریکِ انصاف کو قومی اسمبلی و سینیٹ میں ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق بلز منظور کرانے کیلئے اتحادیوں کی حمایت درکار ہے۔
دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے کل ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سے رابطے کے دوران اجلاس پر گفتگو کی۔
اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں بشمول ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام (ف) نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت کی پالیسیوں کو ناکام بنانے پر اتفاق کر لیا تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات ہر حال میں ممکن بنائی جائیں گی۔