محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کراچی میں سردی کی پیشگوئی کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 80فیصد سے تجاوز کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 1 روز میں کراچی کا موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آج کا کم از کم درجہ حرارت 13اعشاریہ 5سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم از کم درجہ حرارت 12 سے 14ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 7کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ سردی کا سلسلہ آئندہ کچھ روز تک جاری رہنے کی توقع کی جارہی ہے۔
ملک کی مجموعی موسمی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور جنوب مغربی بلوچستان میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی۔
آج بدھ کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی کے پی کے اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش او رپہاڑوں پر برفباری کا خدشہ ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں دھند چھائی رہنے کی توقع ہے۔