غزہ قبرستان کا منظر پیش کرنے لگا۔ اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے حملوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہری شہید ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔
غزہ کی سنگین ہوتی صورتحال، مسلم دنیا کے سربراہان 12 نومبر کو سر جوڑیں گے
اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں رہائش پذیر ہزاروں معصوم بچوں اور خواتین کو بھی شہید کردیا۔ حملوں کے نتیجے میں 4000سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 1 روز میں مزید 292 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔
تازہ ترین کارروائی کے دوران غزہ کے شفا ہسپتال پر لگا ہوا سولر پینل بھی تباہ کردیا گیا۔ بجلی نہ ہونے کے باعث زخمی فلسطینیوں کے علاج معالجے میں مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے غزہ پر بمباری ناقابلِ برداشت قرار دے دی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک ماہ میں ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے اسرائیلی بمباری پر افسوس کا اظہار کیا۔
سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ بچوں کے قبرستان میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ میں روزانہ سیکڑوں بچے شہید ہورہے ہیں۔