مظفرآباد: ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کی جانب سے بھر پور جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایل او سی کے جندروٹ اور نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 بچوں اور 2 خواتین سمیت 10 شہری زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج ایل اوسی پر شہری آبادی کونشانہ بنارہی ہے، اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے، بھارتی فوج نے ضلع کوٹلی میں جبار، سندھارا، سمبل گلی اور دبسی کے دیہات میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سےبھرپورجوابی کارروائی کی گئی جس میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا، اور ایک بھارتی میجر سمیت 3 فوجی زخمی بھی ہوئےاور بھارتی چوکیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمیشن کےناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فائرنگ سے بچوں اور عورتوں سمیت 10 شہری زخمی ہوئے جس پر بھارتی ناظم الامور سے احتجاج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر فائرنگ، پاکستان کا بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج