ایران کی معروف مصطفیٰ پرائز فاؤنڈیشن نے دار الحکومت تہران میں منعقدہ تقریب میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نصف مجسمے کی نقاب کشائی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
پرویز الٰہی اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں ہیں، عمران خان کا دعویٰ
واضح رہے کہ پاکستانی سائنسدان پروفیسر اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری کے شعبے میں گرانقدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں گزشتہ سال 2021ء میں مصطفیٰؐ پرائز فاونڈیشن کی جانب سے مصطفیٰ پرائز سے نوازا گیا تھا۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق متعلقہ تقریب میں پروفیسر اقبال چوہدری کے علاوہ چار دیگر مسلم سائنسدانوں کے مجسموں کی بھی نقاب کشائی کی گئی۔
خیال رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہیں، جس میں ایران کا خوارزمی انٹرنیشنل ایوارڈ، آذربائیجان کا ایکو ایوارڈ ان ایجوکیشن اور کامسٹیک ایوارڈ ان کیمسٹری جیسے اعزازات شامل ہیں۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو انکی اس کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔