امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کو بھتہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت کم کرکے 228 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، پٹرولیم لیوی، بجلی کی قیمتوں اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف شروع ہونے والی تحریک اب نہیں رکے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 9 اگست کو چاروں صوبوں میں گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤسز کے باہر تاریخی دھرنے دیے جائیں گے۔
خطاب کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نومبر میں مینارِ پاکستان پر حکمرانوں سے سوال کیا تھا کہ انہوں نے عوام کے لیے کیا کیا، لیکن آج نظام خود اپنی ناکامی کا اعتراف کر چکا ہے۔ جاگیرداروں اور وڈیروں نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں تبدیل کرکے مسلسل اقتدار میں رہتے آئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں عوام نظم و ضبط کے ساتھ سڑکوں پر موجود ہیں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے کسی ایمبولینس کا راستہ نہیں روکا۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل ہے، اس کے باوجود عوام سے زیادہ قیمت وصول کرنے کے ساتھ بھاری پٹرولیم لیوی بھی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول 228 روپے فی لیٹر کیا جائے، بجلی، آٹا اور چینی کی قیمتیں کم کی جائیں اور حکومت آئی ایم ایف کو جواز بنانا چھوڑ دے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








