پنجاب حکومت نے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت اہل امیدواروں کو بیرون ملک روزگار کے سلسلے میں درکار اخراجات کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ملازمت حاصل کرنے والے افراد کو بیرون ملک روانگی سے پہلے درکار مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
پرواز کارڈ اسکیم کو پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) کے ذریعے عملی شکل دی جا رہی ہے۔ پروگرام ان افراد کے لیے ہے جنہوں نے بیرون ملک ملازمت حاصل کرلی ہو اور ان کے پاس اس کی تصدیق شدہ پیشکش بھی موجود ہو تاہم ویزا پراسیسنگ، طبی معائنے، سفری اخراجات یا روانگی سے پہلے کی دیگر ضروری ادائیگیوں کے لیے مالی وسائل دستیاب نہ ہوں۔
پرواز کارڈ کے لیے کون اہل ہوگا؟
اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 18 برس ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزار کے پاس درست کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) بھی ہونا چاہیے جبکہ اس کا پنجاب کا رہائشی ہونا لازمی شرط ہے۔ ان بنیادی تقاضوں کو پورا کرنے والے امیدوار ہی بلاسود قرض کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
اس کے ساتھ امیدوار کے پاس بیرون ملک ملازمت کی باقاعدہ اور تصدیق شدہ آفر بھی ہونی چاہیے۔ ملازمت کی ماہانہ تنخواہ 5 ہزار سعودی ریال سے کم یا کسی دوسری غیر ملکی کرنسی میں اس کے مساوی مقرر کی گئی ہے۔
پرواز کارڈ کی سہولت صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ خواتین بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں جبکہ ہنرمند، نیم ہنرمند اور غیر ہنرمند کارکن بھی مقررہ شرائط پوری ہونے پر پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔
10 لاکھ روپے کا قرض کہاں خرچ کیا جاسکے گا؟
پرواز کارڈ کے ذریعے فراہم ہونے والی بلاسود رقم ان اخراجات پر خرچ کی جاسکے گی جو براہ راست بیرون ملک ملازمت کے حصول اور روانگی سے متعلق ہوں۔ اس میں ویزا اور اس کی پراسیسنگ فیس، میڈیکل معائنوں کے اخراجات، ہوائی ٹکٹ، پروٹیکٹوریٹ فیس، مہارت کی تصدیق یا ٹیسٹ کی فیس اور لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی جانب سے وصول کیے جانے والے چارجز شامل ہیں۔
اہل امیدوار کو زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے تک بلاسود مالی معاونت دی جاسکتی ہے تاہم ہر شخص کو لازماً پوری رقم نہیں ملے گی۔ قرض کی اصل رقم درخواست گزار کے منظور شدہ اور بیرون ملک ملازمت سے متعلق اخراجات کو دیکھتے ہوئے طے کی جائے گی یعنی مالی معاونت ضرورت اور منظور شدہ اخراجات کے مطابق فراہم ہوگی۔
پرواز کارڈ کے لیے درخواست کیسے دی جائے؟
جن افراد کے پاس بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش موجود ہے، وہ پرواز کارڈ کے سرکاری پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدوار پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد اپنی ذاتی اور ملازمت سے متعلق معلومات درج کرکے آن لائن قرض کی درخواست مکمل کرسکتے ہیں۔
درخواست جمع ہونے کے بعد امیدوار اسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے اپنی درخواست کی پیش رفت بھی چیک کرسکتے ہیں۔ جمع کرائی گئی معلومات اور دستاویزات کی تصدیق کی جائے گی اس لیے تمام کوائف درست فراہم کرنا ضروری ہے بصورتِ دیگر درخواست مسترد یا امیدوار نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








