Friday, March 29, 2024

سائٹ کو 2فائر ٹینڈرز کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا،عمران اسماعیل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ 2فائر ٹینڈرز کی فراہمی سے سائٹ کے صنعتکاروں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا تاہم انتہائی محدود وقت میں فائر اسٹیشن کو فعال بنانے کے حوالے سے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر نئے فائر فائر اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پرکہی۔

ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ، زبیر موتی والا، صدر عبدالہادی، سینئرنائب صدر ریاض الدین، نائب صدر عبدالقادر بلوانی، سابق صدر جاوید بلوانی، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لائق احمد، چیف سی پی ایل سی سندھ محمد زبیر حبیب، چیف فائر آفیسر مبین احمد، کے ایم سی فائر ڈیپارٹمنٹ کے دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے میں ایسوسی ایشن کی سنجیدہ کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کو گیس فراہمی کے تعطل معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ متعلقہ وفاقی وزراء اور مشیروں کی موجودگی میں بہت جلدایک نکاتی ایجنڈااجلاس کا اہتمام کیا جائے گا۔

سندھ انڈسٹریل رابطہ کمیٹی ( ایس آئی ایل سی) کے پلیٹ فارم سے ہم نے صنعتوں کے بہت سے معاملات اٹھائے اور ان کو حل کرنے میں کامیاب رہے۔انہوں نے سائٹ ایریا کی صنعتوں کو بری طرح متاثر کرنے والے خستہ حال انفراسٹرکچر اور سڑکوں کے مسائل کو حل کرنے میں اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے گورنر سندھ کی توجہ دو اہم مسائل پر مبذول کروائی جن میں صنعتوں کو گیس کی عدم فراہمی اور دوسرا مسئلہ فیکٹریوں کو غیر قانونی طور پر مسمار کرنے سے متعلق تھا۔ انہوں نے کہاکہ لیز پر دی گئی زمین پر جو 1960 کی دہائی میں تعمیر کی گئی تھی۔ زبیر موتی والا نے گورنر سندھ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

قبل ازیں صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبد الہادی نے گورنر سندھ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ایسوسی ایشن کو 2 نئے فائر ٹینڈرز فراہم کرکے اپنے وعدے کو پورا کیا۔

انہوں نے گورنر سندھ کی تیسری بار ایسوسی ایشن کا دورہ کرنے اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں بھرپور کردار ادا کرنے پر عمران اسماعیل کو سائٹ کی صنعتکار برادری کا حقیقی دوست قرار دیا کیونکہ گورنر ہاؤس صنعتوں سے متعلق امور کو وفاقی حکومت تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے نیز گورنر سندھ صنعتکاروں کے معاملات کو سندھ صنعتی رابطہ کمیٹی (ایس آئی ایل سی) کے پلیٹ فارم سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے سائٹ ایریا کے انفرااسٹرکچر کی قابل رحم حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس صنعتی ایریا کی سڑکیں جیپ پر سفر کرنے کے بھی قابل نہیں رہیں۔

مزید پڑھیں:ایس ایم ایز کے 70کلو واٹ لوڈ کو140کلوواٹ کیا جائے، عبدالہادی کی تجویز

عبدالہادی نے فائر اسٹیشن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فائر اسٹیشن کے قیام کا ارادہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے پہلے دورے کے دوران سال 2018 میں شروع ظاہر کیا تھا جنہوں نے فائر ٹینڈر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ گورنر سندھ نے اپنا وعدہ پورا کیا۔

انہوں نے گورنر پر زور دیا کہ وہ فیکٹریوں کے غیر قانونی انہدام سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کا جائزہ لیں جس میں سے کچھ تو 1960کی دہائی کی ہیں۔ یہ کارروائی سپریم کورٹ کے ان احکامات کی خلاف ورزی ہے جہاں اصل میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے احکامات دیے گئے تھے نہ کہ 1960 کی دہائی پرانے لیز پر دیے گئے صنعتی اراضی پر فیکٹریوں کے انہدام کے لیے تھے۔