کراچی میں چولہے جلانا مشکل! گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ نے کیا جینا محال

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں موسمِ سرما کی آمد سے قبل گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے جبکہ گیس کی غیراعلانیہ اور طویل بندش کی وجہ سے گھریلو صارفین کو اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی کا یومیہ دورانیہ سمٹ کر صرف 7 سے ساڑھے 7 گھنٹے تک محدود ہو چکا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل گیس روزانہ 10 سے 12 گھنٹے دستیاب رہتی تھی مگر اب گیس کی فراہمی 7 سے 8 گھنٹوں تک محدود ہوچکی ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ شب کے اوقات میں بھی بعض علاقوں میں بمشکل دو گھنٹے گیس آتی ہے جس کے باعث ناشتہ اور کھانا تیار کرنے سمیت گھر کے روزمرہ امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

پریشان حال صارفین کا شکوہ ہے کہ وہ ہر ماہ بھاری گیس بل باقاعدگی سے جمع کروا رہے ہیں اس کے باوجود انہیں چولہا جلانے کے لیے مجبوراً مہنگی ایل پی جی سلنڈر خریدنا پڑ رہے ہیں جس نے مہنگائی کے اس دور میں غریب و متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ کا کچومر نکال دیا ہے۔ شہریوں کا سوال ہے کہ اگر کمپنی گیس فراہم کرنے سے قاصر ہے تو پھر گھریلو کنکشنز برقرار رکھنے کا کیا جواز رہ جاتا ہے؟

عوام نے اس سنگین صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی بجلی اور پانی کی قلت نے جینا محال کر رکھا تھا اور اب گیس کی نایابی نے بنیادی ضروریات کی فراہمی کو بھی ناممکن بنا دیا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ گیس سپلائی سے متعلق کوئی نیا شیڈول فی الحال جاری نہیں کیا گیا اور اس بارے میں حتمی پالیسی ساز فیصلہ حکومت ہی کرے گی۔

Related Posts