پنجاب کی خواتین کیلئے بڑی خوشخبری! مفت ٹریننگ کے ساتھ ماہانہ 15 ہزار روپے بھی ملیں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب حکومت نے دیہی خواتین کو ہنرمند بنانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار کرنے کے لیے شی تھریڈ ٹیکسٹائل ٹریننگ پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔ پروگرام میں منتخب خواتین کو تین ماہ کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ہر ماہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا جبکہ کورس مکمل کرنے پر ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ وومن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں کی خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی مہارتیں سکھا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا ہے۔

2 ہزار 500 خواتین کو تربیت دینے کا ہدف

حکومتی معلومات کے مطابق شی تھریڈ پروگرام کے تحت اب تک 1 ہزار 150 دیہی خواتین ٹیکسٹائل کی تربیت مکمل کر چکی ہیں اور معاشی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جون تک مزید پیش رفت کرتے ہوئے مجموعی طور پر 2 ہزار 500 دیہی خواتین کو معیاری تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

پروگرام میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد انہیں ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

لاہور میں کہاں ٹریننگ دی جائے گی؟

شی تھریڈ پروگرام کے تحت لاہور اور اس کے گردونواح کی دیہی خواتین کے لیے رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔ تربیتی کورس کا انعقاد ملتان روڈ کے قریب شاہکام انڈسٹریز میں کیا گیا ہے جہاں تین ماہ کے دوران خواتین کو کلاس روم تعلیم کے ساتھ عملی تربیت بھی دی جائے گی۔

شرکاء کو بالخصوص دو شعبوں میں مہارت فراہم کی جائے گی:

انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر

اپیرل سپروائزر

یہ تربیت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس انڈسٹری میں موجود افرادی قوت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے۔

کون سی خواتین درخواست دے سکتی ہیں؟

پروگرام میں شمولیت کے لیے حکومت نے چند بنیادی شرائط مقرر کی ہیں:

امیدوار کی عمر 18 سے 45 سال کے درمیان ہو۔

پنجاب کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔

کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی ہے۔

رجسٹریشن کا طریقہ کیا ہے؟

خواہشمند خواتین اپنا قومی شناختی کارڈ اور پنجاب ڈومیسائل ساتھ لے کر شاہکام انڈسٹریز، ملتان روڈ لاہور میں درخواست جمع کروا سکتی ہیں۔

درخواستوں کی ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد منتخب امیدواروں کو داخلے کے لیے حلف نامہ جمع کروانا ہوگا۔

پروگرام سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور ضلعی دفاتر سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

خواتین کو ہنر سکھا کر روزگار فراہم کرنا ترجیح ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دیہی خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دے کر باوقار روزگار کے قابل بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کے مطابق شی تھریڈ پروگرام کے ذریعے خواتین کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کی طلب کے مطابق عملی مہارتیں سکھائی جائیں گی تاکہ تربیت مکمل ہوتے ہی انہیں روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔

Related Posts