انڈونیشیا کے صوبہ بنٹین میں کنفیکشنری فیکٹری میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 30 لاپتا ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ عمارت کے ملبے میں تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق آگ ہفتے کی شام سیکانڈے کے علاقے میں واقع پی ٹی فونوسا آگونگ مولیا کی فیکٹری میں لگی جو دارالحکومت جکارتہ سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔
صدر کے مشیر برائے امورِ محنت سعید اقبال نے 24 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو بھی طلب کیا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات میں ایئرکنڈیشنر کا شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔
فیکٹری انتظامیہ کے مطابق واقعے کے وقت کمپلیکس میں تقریباً 300 افراد موجود تھے۔ ریسکیو ادارے کے سربراہ ال امراد کے مطابق 29 افراد کو محفوظ نکال لیا گیا، جن میں پانچ کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ امدادی اہلکاروں کو عمارت کے غیر مستحکم ڈھانچے اور باقی ماندہ آگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
پولیس کے مطابق آگ کی شدت کے باعث متاثرین کی شناخت ظاہری شکل سے ممکن نہیں، اس لیے اہل خانہ کے ڈی این اے نمونوں کے ذریعے انسانی باقیات کی شناخت کی جائے گی جس میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
متاثرہ فیکٹری یونائیٹڈ فیملی فوڈ کی ملکیت ہے جو ملکیتا مٹھائی اور لیمنِیلو نوڈلز سمیت مختلف مصنوعات تیار کرتی ہے۔ حکام نے حادثے کی وجوہات اور حفاظتی انتظامات میں ممکنہ کوتاہیوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








