اسلام آباد میں کال سینٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن، مزید 14 غیرملکی گرفتار، ملک بدری کا عمل شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاقی دارالحکومت میں غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک پلازے میں چھپے مزید 14 غیرملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے غیرملکی پلازے کے مختلف حصوں میں چھپے ہوئے تھے۔ کارروائی کے بعد انہیں حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 250 غیرملکیوں کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر افراد کو اٹک جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ملک بدری کے پہلے مرحلے میں گزشتہ رات 14 ویتنامی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا، جن میں تین خواتین بھی شامل تھیں۔

ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام غیرملکیوں کو مرحلہ وار بلیک لسٹ اور ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان میں داخل نہ ہو سکیں۔

واضح رہے کہ حالیہ کارروائیوں کے بعد وفاقی حکومت نے ملک بھر میں غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے “آپریشن گرے” کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے نئی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی ٹیم میں حساس اداروں، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، متعلقہ وفاقی اداروں، وفاقی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شامل ہیں، جبکہ یہ ٹاسک فورس ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کے ماتحت کام کرے گی۔

Related Posts