پمز اسپتال سانحہ: وفاقی سیکرٹری صحت عہدے سے برطرف، وزیراعظم نے انکوائری کمیٹی بنادی

تازہ ترین

تازہ ترین

شہباز شریف
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے اور نومولود بچوں کی ہلاکت پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پمز اسپتال کے واقعے سے متعلق اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام کو وزیراعظم ہاؤس طلب کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ذمہ دار افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے واقعے کی مکمل اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی قائم کردی۔ سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان سمیت دیگر حکام بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

ادھر ضلعی انتظامیہ نے بھی پمز اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کرنے کے ساتھ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

Related Posts