کراچی میں شدید گرمی کا راج ہے اور درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ گیا ہے تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران موسم میں تبدیلی اور بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
موسمی پیشگوئی کے مطابق پیر کو کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی آنے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں وقفے وقفے سے بادل چھانے اور ہلکی سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جبکہ 18 ستمبر کو بارش اور گرج چمک کے امکانات نسبتاً زیادہ ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران براہ راست دھوپ سے بچنے، مناسب مقدار میں پانی پینے اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بارش اور تیز ہواؤں کے دوران شہری کمزور عمارتوں، سائن بورڈز اور پرانے درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے بھی گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جاسکے۔
شدید گرمی کے باعث طبی ماہرین اور انتظامیہ نے شہریوں کو دن کے اوقات میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








