لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کوئی فیصل آباد کا پلاٹ نہیں جس پر رانا ثنا اللہ قبضہ کر لے گا۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی، اسمبلی کے جاری اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کا نہیں کہا جا سکتا،ان کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، یہ قانونی معاملے ہیں اس پرسپیکراپنی رولنگ دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما ء کا کہنا تھا کہ سپیکر،ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد آئی ہے، چیئرمین پینل اجلاس کو پریزائیڈ کریں گے، پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر جیسا کہیں گے ہم ویسا کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مراد سعید نے 6 ماہ پہلے ہی بتایا تھا کہ حالات خراب ہو رہے ہیں، وفاقی حکومت نے توجہ نہیں دی، دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادتیں ہو رہی ہیں، حکمرانوں کو کوئی مسئلہ نہیں۔
وزیر داخلہ کے بیان میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کوئی فیصل آباد کا پلاٹ نہیں جس پر رانا ثنا اللہ قبضہ کر لے گا۔
مزید پڑھیں:تاریخ کے افسوسناک کردار عمران خان کے پیروں تلے سے زمین کھسک رہی ہے۔خواجہ آصف
فواد چوہدری نے کہا کہ ان تمام حالات کے باوجود آپ الیکشن روکنے میں لگے ہوئے ہیں، اسپیکرقومی اسمبلی ہمارے استعفے منظورکریں۔