کراچی کے باسیوں کے لیے خوش خبری ہے کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دوران شہر میں سمندری بادلوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ صبح کے اوقات میں ہلکی ہلکی رم جھم اور ٹھنڈی پھوار کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جو موسم کو خوشگوار اور فرحت بخش بنا دے گا۔
یہ موسم گرما کی شدت سے نڈھال شہریوں کے لیے ایک خوشگوار وقفہ ثابت ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بادل بحیرہ عرب کی جانب سے داخل ہوں گے اور ان کی موجودگی اگلے چند دنوں تک محسوس کی جائے گی۔
ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین مون سون اپڈیٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بحیرہ عرب کا درجہ حرارت گزشتہ سال سے مسلسل غیر معمولی حد تک ٹھنڈا چل رہا ہے، جس کا ہم نے جنوری اور فروری میں بھی تفصیلی تجزیہ پیش کیا تھا۔ یہ ٹھنڈا رجحان کم از کم اگست تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔
جولائی میں پاکستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا اس سے تھوڑا زیادہ ہو سکتا ہے جبکہ گجرات کے ساحلوں پر یہ معمول سے کچھ کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہی درجہ حرارت وہ اہم فیکٹر ہے جو مون سون کے “لو پریشر” سسٹمز پر اثرانداز ہوتا ہے۔
اگر بحیرہ عرب کی جانب بننے والا “لو پریشر” گجرات سے گزر کر سمندر پر آتا ہے، تو ٹھنڈے درجہ حرارت کے باعث وہ اپنی شدت کھو بیٹھے گا۔ البتہ اگر راجستھان کے اوپر کوئی “ہیٹ لو” فعال ہوتا ہے تو اس کی پوزیشن ایسی ہوگی کہ وہ آسانی سے سندھ کے علاقوں بالخصوص کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدرآباد تک پہنچ سکتا ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت آئندہ دنوں میں کچھ بہتر ہو سکتا ہے اور جولائی سے قبل ملک کے بیشتر مون سون بیلٹ میں کم از کم ایک اچھی اور بھرپور مون سون بارش کی امید کی جا رہی ہے۔ یہ بارشیں جنوبی پنجاب، شمالی سندھ، مشرقی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں موسم کی شدت کو کم کرنے میں مددگار ہوں گی۔