سب کچھ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ہو رہا ہے! وزیر پیٹرولیم نے سچ بتادیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کہا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر جاری کرنے کے نظام کے نفاذ کے لیے تیار ہے۔ ادارے کے مطابق اس نئے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے سے قبل شعبہ پیٹرولیم سے وابستہ اہم فریقین سے مشاورت مکمل کی گئی ہے۔

اوگرا حکام کے مطابق روزانہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر غور کے لیے صنعت سے وابستہ نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں اوگرا، آئل کنٹرولرز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن، ریفائنریز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے شرکت کی۔ صنعت کے نمائندوں نے اس اقدام کو قیمتوں کے نظام میں شفافیت بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین شفاف فارمولے کے ذریعے حقیقی مارکیٹ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے ناجائز منافع خوری، صارفین کے استحصال اور غیر معمولی مالی فوائد کے مواقع کم ہوں گے، جبکہ سیاسی عوامل کی وجہ سے قیمتوں میں اچانک تبدیلیوں کے اثرات بھی محدود کیے جاسکیں گے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ یہ اصلاحات حکومت کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن پالیسی کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیٹرولیم شعبے میں حکومتی مداخلت کم کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق نظام کو آگے بڑھایا جاسکے۔

اجلاس کے دوران اوگرا، او سی اے سی، او ایم ای پی، ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے روزانہ قیمتوں کے نظام سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ نئے طریقہ کار پر عملدرآمد کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اوگرا اور صنعت کے نمائندوں کی مشاورت سے تیار کیے جا رہے ہیں۔

اوگرا حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ادارہ روزانہ قیمتوں کے نئے فریم ورک کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اس مقصد کے لیے نظام کو جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بروقت عوام تک پہنچائی جاسکیں۔ اجلاس میں سپلائی چین، ذخیرہ اندوزی کے انتظام، اسٹاک کی نگرانی اور حقیقی وقت کے ڈیٹا کی دستیابی جیسے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ روزانہ قیمتوں کے نظام کو نافذ کرنے اور ممکنہ مسائل کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کو ہدایت کی کہ صنعت سے وابستہ فریقین کے ساتھ مشاورت جاری رکھتے ہوئے تکنیکی معاملات کو حتمی شکل دی جائے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم شعبے میں طویل مدتی استحکام اور پائیدار بہتری کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق نئے نظام کا مقصد ایک ایسا شفاف اور متوازن طریقہ کار قائم کرنا ہے جس سے صارفین کو بہتر قیمتوں کا فائدہ مل سکے۔

Related Posts