صوبائی دارالحکومت میں جعلسازی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شہری کے نام پر ہزاروں کی تعداد میں موٹرسائیکلیں، رکشے اور کاریں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق ہال روڈ پر جاری ایک جنرل ہولڈ اپ اور چیکنگ کے دوران جب نمبر پلیٹوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی تھی تو ایک موٹرسائیکل کے کاغذات چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کی ملکیت محمد عثمان نامی شہری کے نام پر ہے۔ مزید جان پڑتال کی گئی تو یہ انکشاف ہوا کہ اکیلے اس شخص کے نام پر مجموعی طور پر 2 ہزار 354 گاڑیاں، رکشے اور موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔
حکام کے مطابق پکڑی جانے والی موٹرسائیکل کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ گاڑیوں کے اصل اور قانونی مالک یا اس گھپلے میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے سیف سٹی اتھارٹی کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان رجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر تاحال 2 ہزار 813 ای چالان جاری ہو چکے ہیں جن کی مد میں 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے کے بھاری جرمانے واجب الادا ہیں۔ اس سنسنی خیز معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








