ایسا معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جہاں ریاست عوام کیلئے جنت ہو، زرداری، بلاول کا عید پیغام

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عید الاضحی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غربت، سماجی ناانصافیوں اور جہالت کے اندھیروں کے خلاف جنگ لڑتی رہے گی۔ ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کے ساتھ معاشی اور سماجی انصاف ہو اور ریاست ان کیلئے جنت ہو۔

عید الاضحٰی کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر زرداری نے کہا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ خوشی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو خاص طور یاد رکھا جائے۔ کشمیری عوام اس وقت ظلم ،جبر، اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ تمام مسلمان اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا بھی شامل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیوں میں غریبوں اور بے سہارا بھائیوں بہنوں کی مدد کرکے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ ہم سب کو ملکر ان عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشیوں کا یہ تہوار افریقہ سے لے کر برصغیر تک مسلم امہ کو متحد کرتا ہے۔

بلاول نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ عظیم تر بھلائی کے لیے عزم اور قربانی کامیابی کی راہ ہموار کرتی ہے۔ قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی بھی قوم اور معاشرہ اخلاقی بالادستی حاصل نہیں کر سکتا۔ ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان سے بچانے کے لیے ہمیں ملکر قوم کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ ہمارے لیے اپنی انا، ترجیحات، ذاتی اور گروہی مفادات کو پس پشت ڈالنا بہت ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جو اپنی جدوجہد میں بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

Related Posts