کراچی میں مندر کی بےحرمتی، شرپسندوں نے مورتی کو توڑدیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں مندر کی بےحرمتی، مورتی کو توڑدیا
کراچی میں مندر کی بےحرمتی، مورتی کو توڑدیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: گزشتہ روز کراچی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جب کچھ شرپسند لوگوں نے کورنگی میں واقع مندر میں توڑ پھوڑ کی اور مورتی کو توڑ دیا۔

کورنگی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ افراد رات گئے مندر کے پاس رکے اور وہاں کے نگران پنڈت کے بارے میں دریافت کیا۔

شکایت گزار کا موقف ہے کہ میں نے اُن سے کہا کہ اس وقت مندر میں کوئی بھی پنڈت نہیں ہے اور اندر صرف دو مزدور موجودہیں جو کہ دیواروں پر رنگ و روغن کررہے ہیں۔

شکایت گزار سنجیو کمار کے مطابق حملہ آوروں کو یہ بتایا ہی تھا کہ انہوں نے مندر میں توڑ پھوڑ شروع کردی اور مندر میں موجود مورتی پر بھی پتھراؤ شروع کردیا، اُن کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے مندر میں کام کرتے مزدوروں کو بھی دھمکی دی اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ اردو کے اندر ایک ہفتہ میں تیسری بار اساتذہ لُٹ گئے

کورنگی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فیصل بشیر میمن نے واقعے کے حوالے سے کہا ہے کہ مندر علاقے میں ایک گھر کے ہال کے اندر واقع ہے، جہاں پر تزئین و آرائش کا کام جاری تھا۔

انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 (کسی بھی طبقے کے مذہب کی توہین کے ارادے سے عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا یا اس کی بے حرمتی کرنا)، 427 (پچاس روپے کا نقصان پہنچانا)، 506 (کسی کو دھمکی دینے) اور دفعہ 34 (کسی جرم کو مشترکہ طور پر انجام دینے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی فیصل بشیر میمن کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے ایڈمنسٹریٹرمرتضیٰ وہاب نے جرم کی ایف آئی آر کا عکس سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا اور وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور مندر کی مرمت کی جائے گی۔

Related Posts