ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم
ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے باعث فصلوں کو کافی پہنچ رہا ہے۔

وزیراعظم نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل، سید فخر امام، خسرو بختیار، شبلی فراز، اسد عمر اور چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بنائے گئے ایکشن پلان کے فیز ون کی تکمیل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کو مانیٹرنگ سروے اور کنٹرول کی مربوط کوششوں، وسائل کی فراہمی، اداروں کے درمیان تعاون اور ٹڈی دل سے متعلق آگاہ مہم پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس دوران وزیر اعظم کو ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر کیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور صوبائی حکومتوں نے ٹڈی دل کے حملے کے خلاف موثر اقدامات کیے اور مزید اقدامات کررہے ہیں۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بلوچستان کی نمائندگی چیف سیکرٹری بلوچستان نے کی جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹڈی دل اور کورونا وائرس کا ایک ساتھ حملہ پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ تاہم وفاق، صوبائی حکومتوں اور پاک فوج نے بروقت اس کا تدارک کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی اور انشاء اللہ جلد ان دونوں مسئلوں سے قوم کو آزاد کرائیں گے۔

اجلاس میں ٹڈی دل کنٹرول کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے فیز ٹو کی بھی منظوری دی جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ کسانوں کو ایک پیکج کے ذریعے معاوضہ دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے غذائی تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مربوط قومی ردعمل کی ضرورت ہے۔ متوقع ٹڈی دل حملے سے فصلوں کی پیداوار متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

Related Posts