اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈیوٹی کے دوران ایف آئی اے اہلکاروں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے اور مبینہ طور پر اہلکاروں کو ہراساں کرنے کے الزام میں خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق میانوالی سے تعلق رکھنے والی خاتون نجی ایئرلائن کے ذریعے متحدہ عرب امارات جانے کی خواہش مند تھی۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران خاتون نے مبینہ طور پر شدید شور شرابہ کیا اور ایف آئی اے اہلکاروں کی ویڈیو بناتے ہوئے ان پر مسلسل الزامات عائد کرتی رہی۔
حکام کے مطابق خاتون نے بعد ازاں ایف آئی اے اہلکاروں کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کردی۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے خلاف خاتون کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 353 اور 186 شامل کی گئی ہیں۔
مقدمہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد نعمان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








