پاکستانی پاسپورٹ کو اعلیٰ ترین بین الاقوامی سکیورٹی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں پاسپورٹ سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ بین الاقوامی نمائندے نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران بین الاقوامی نمائندے نے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس حمد علی رندھاوا سے ملاقات کی، جس میں پاسپورٹ سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق جدید مصنوعات اور سکیورٹی سلوشنز پیش کیے گئے۔
ملاقات میں پاکستانی پاسپورٹ میں جدید سکیورٹی فیچرز متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا جبکہ پاسپورٹ کو جعل سازی اور ردوبدل سے مزید محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی قبولیت اور اس کی فوری تصدیق کی صلاحیت مزید بہتر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بین الاقوامی کمپنی کے نمائندے نے جدید پاسپورٹ سکیورٹی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر دنیا کے محفوظ ترین پاسپورٹس رکھنے والے ممالک کے سکیورٹی ماڈلز اور عالمی سطح پر اختیار کیے جانے والے بہترین طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے سینئر افسران، تکنیکی ٹیموں اور فرانزک ماہرین نے شرکت کی۔ شرکا نے جدید سکیورٹی سلوشنز کی تکنیکی افادیت، مؤثریت اور عملی نفاذ کے حوالے سے تفصیلی غور کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








