آزاد کشمیر بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے مثالی خطہ ہے، سردار مسعود خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آزاد کشمیر بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے مثالی خطہ ہے، سردار مسعود خان
آزاد کشمیر بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے مثالی خطہ ہے، سردار مسعود خان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے ایک مثالی خطہ ہے جہاں شیعہ، سنی، بریلوی، دیو بندی ہونے کی بنیاد پر کوئی تقسیم یا امتیاز نہیں ہے۔

ہم سب ایک اور متحد ہیں اور آنے والے دنوں میں محرم الحرام میں مکمل اتحاد اور یکجہتی سے عاشورہ محرم اور عید الالضحیٰ تمام ضروری حفاظتی انتظامات اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ منائیں گے۔ یہ بات اُنہوں نے صدر پاکستان ڈاکٹر محمد عارف علوی کی صدارت میں پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے گورنرز اور علماء کرام کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو اپنے مسلک اور عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے جہاں ہر فرقے اور مسلک سے تعلق رکھنے والے کے جان و مال کی حفاظت ریاست کر رہی ہے لیکن لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو نہ صرف مذہبی آزادی سے محروم کیا جارہا ہے بلکہ اُن کو زندہ رہنے کے حق بھی چھینا جا رہا ہے۔

یہ کس قدر ستم ظریفی کی بات ہے کہ بھارت کے ہندووں کو مقبوضہ کشمیر میں امر ناتھ یاترا کی مکمل آزادی ہے لیکن مسلمانوں کو مساجد میں جانے اور عزاداری کی مجالس میں شریک ہونے کی بھی اجازت نہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت ڈومیسائل قوانین کے نام پر کشمیریوں کو اُن کی زمین ملازمت اور تعلیم کے حق سے محروم کر رہا ہے اور کشمیر کی مسلم اکثریت کو ختم کرنے کے لیے بھارتی شہریوں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کر کے کشمیر کی مسلم اکثریت کو ختم کرنا چاہتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ما ہ کے دوران 32ہزار بھارتی ہندووں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کیا جا چکا ہے۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر کے اصل باشندوں کو اپنا ریاستی شہری ہونے کی شناخت سے محروم کیا جار ہا ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی قابض فوج نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے ہر روز جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کو چُن چُن کر قتل کیا جار ہا ہے یا اُنہیں گرفتار کر کے جیلوں میں بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے صدر پاکستان کی صدارت میں ہونے والے گورنرز اور علماء کے اجلاس کے شرکا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کے خلاف قرار داد منظور کرنے کے علاوہ کشمیریوں کو استعماری ظلم و استبداد سے نجات حاصل کرنے کے لیے دعا کریں۔

آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کی وبا کی صورتحال سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ریاست میں صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اب تک کوئی 46 لوگوں کی کرونا وائرس کے باعث اموات ہوئی ہیں اور ایک ہزار سے زیادہ لوگ صحت یاب ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر کی حکومت اور ریاستی ادارے کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے موثر اقدامات کر رہے ہیں اور عید الضحیٰ اور محرم کے دوران تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی تاکہ کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

Related Posts