اے ایس او نے غیر ملکی شراب کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) کے عملے نے بلوچستان سے آنے والی ایک گاڑی میں غیر ملکی شراب کو کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے عملے کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ممکنہ طور پر بلوچستان سے بھاری مقدار میں غیر ملکی شراب سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی کے ذریعہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی، اس خفیہ اطلاع پر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی آر سی ڈی ہائی وے پر قائم کسٹم چیک پوسٹ نے بلوچستان سے کراچی آنے والی تمام گاڑیوں کی خصوصی نگرانی شروع کردی۔

اے ایس او نے سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی کڑی نگرانی شروع کردی تاکہ اس ممکنہ اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ اس دوران ڈیوٹی پر تعینات کسٹمز کے عملے نے بلوچستان سے آنے والی سرکاری نمبر پلیٹ والی ڈبل کیبن پک اپ کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا  تو ڈرائیور نے پک اپ کو روکنے کے بجائے اُس کی رفتار مزید تیز کرکے فرار ہونے کی کوشش کی۔

 جس کے بعد چیک پوسٹ پر متعین کسٹمز کے عملے نے پک اپ کا تعاقب شروع کردیا، تو پک اپ  کے ڈرائیور نے کسٹمز کی گاڑی کو ٹکر مارکر اُس کو الٹنے کی کوشش بھی کی، جس کے نتیجے میں کسٹمز کی گاڑی کو نقصان بھی پہنچا لیکن کسٹمز کے عملے نے پک اپ کا تعاقب جاری رکھا تو پک اپ پر سوار مسلح شخص نے تعاقب کرنے والی کسٹمز کی گاڑی پر فائرنگ  شروع کردی۔

کسٹمز کے عملے نے سڑک پر ٹریفک اور روڈ کے کنارے پر لوگوں کی وجہ سے کسی جانی نقصان سے محفوظ رکھنے  کے لئے جوابی فائرنگ  کرنےسے گریز کیا اور ڈبل کیبن پک اپ  کا تعاقب جاری رکھا، اس دوران ٹریفک جام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شیر شاہ چوک کے قریب ڈرائیور اور گارڈ نے پک اپ  سے چھلانگ لگا کر سڑک کی دوسری جانب  راہ فرار  اختیار کی۔

ڈرائیور کے فرار ہونے کے بعد کسٹم کے عملے نے ڈبل کیبن پک اپ کو قبضہ میں لے کر اُس کی تلاشی لی تو گاڑی میں غیر ملکی شراب کی نشاندہی ہوئی جس پر گاڑی کو اے ایس او کے دفتر لاکر مکمل جانچ پڑتال کی گئی، جانچ پڑتال کے  نتیجے میں گاڑی سے چونسٹھ لاکھ اسسی ہزار روپے (64،80،000) مالیت کی 348 بوتل غیر ملکی شراب برآمد ہوئی۔

خیال رہے کہ برآمد شدہ شراب اور اسمگلنگ کے استعمال میں ڈبل کیبن پک اپ جس کی مالیت چالیس لاکھ روپے ہے ضبط کرلی گئی، ضبط شدہ غیر ملکی شراب اور ڈبل کیبن پک اپ  کی کل مالیت ایک کروڑ چار لاکھ اسی ہزار روپے 1،04،80،000 ہے۔

معلوم رہے کہ مفرور ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔