کراچی کا شہری فیصل آباد سے بازیاب، اغوا برائے تاوان کا ایک اور ڈرامہ بے نقاب ہوگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: ای ٹریبیون)

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہری مالی مسائل پر قابو پانے کیلئے اغوا کا ڈرامہ رچانے لگے۔ کراچی کے شہری کو فیصل آباد سے بازیاب کرایا گیا ہے۔ اغوا برائے تاوان کا ایک اور ڈرامہ بے نقاب ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو مغوی ظاہر کرنے والے کراچی کے شہری کو فیصل آباد سے بازیاب کرایا، جس کی شناخت عمران رفیق کے نام سے ہوئی۔

اے وی سی سی پولیس کا کہنا ہے کہ شہری عمران رفیق نے اپنی بیگم کو سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کرکے اغوا ہونے کی اطلاع دی اور یہ بتایا کہ میری رہائی کیلئے 3 کروڑ روپے تاوان طلب کیا جارہا ہے۔

واقعے کا مقدمہ عمران رفیق کی اہلیہ کی مدعیت میں تھانہ شاہ فیصل کالونی میں درج کرلیا گیا۔ پولیس نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی عمران رفیق کو برآمد کیا تو عمران رفیق نے پولیس کے سامنے اغوا کا ڈرامہ رچانے کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عمران رفیق نے رقم خرچ ہونے کے بعد مزید رقم کے حصول کیلئے اغوا کا ڈرامہ رچایا۔ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ وہ ٹھیکیداری کا کام کرتا ہے اور ٹھیکوں سے ملنے والی رقم خرچ ہوگئی تھی۔

Related Posts