پشاور سانحے میں شہداء کی تعداد 35 ہوگئی! اموات میں مزید اضافے کا خدشہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران نجی اسکول کی عمارت گرنے کے دلخراش سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ المناک واقعے میں جان کی بازی ہارنے والوں میں کم سن معصوم طلبہ اور ایک خاتون معلمہ بھی شامل ہیں۔

اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، لاشیں اور زخمی منتقل

لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق، اسپتال میں اب تک 33 لاشیں لائی جا چکی ہیں جبکہ 2 لاشیں نصیراللہ بابر اسپتال میں منتقل کی گئی ہیں۔ ناگہانی صورتحال کے پیش نظر دونوں طبی مراکز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 13 برس یا اس سے کم ہیں۔ اس کے علاوہ حادثے میں زخمی ہونے والے 17 بچوں کو بھی طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو آپریشن جاری، امدادی ٹیمیں موقع پر موجود

ریسکیو 1122 کے ترجمان محمد بلال کے مطابق، سانحے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور 16 ایمبولینسیں اور بھاری مشینری جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق، مسلسل بارشوں کے باعث اسکول کی عمارت پہلے ہی کمزور ہو چکی تھی حادثے کے وقت پہلے ایک بالائی منزل گری اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت زمین بوس ہو گئی۔ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کے لیے پوری تندہی سے آپریشن میں مصروف ہیں۔

Related Posts