دنیا بھر کی نظریں مکہ مکرمہ پر! جانیں آج دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر کیا ہونے والا ہے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

آج بدھ 15 جولائی کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان انتہائی شاندار اور منفرد فلکیاتی منظر کا مشاہدہ کرنے جا رہے ہیں جب سورج آسمان پر سفر کرتا ہوا زمین کے سب سے مقدس مقام خانہ کعبہ کے عین اوپر پہنچ جائے گا۔ اس غیر معمولی اور نایاب قدرتی مظہر کے دوران سورج کی پوزیشن بالکل عمودی ہوگی جس کے باعث کچھ لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ مکمل طور پر غائب ہو جائے گا۔

جدہ فلکیاتی سوسائٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ شاندار فلکیاتی واقعہ سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ٹھیک 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر رونما ہوگا۔ اس خاص لمحے پر سورج آسمان پر ٹھیک 90 ڈگری کے زاویے پر مکہ مکرمہ کے اوپر موجود ہوگا۔ سورج اور خانہ کعبہ کے ایک ہی عمودی محور پر آنے کی وجہ سے مقدس عمارت کا سایہ زمین پر نہیں پڑے گا جو اپنی نوعیت کا ایک نایاب ترین واقعہ ہے۔

سائنسی و فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نایاب موقع دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مکہ مکرمہ (قبلہ) کی سمت معلوم کرنے کا سب سے آسان اور قدرتی ذریعہ ہے۔ وہ افراد جو اپنے گھروں، دفاتر یا کسی بھی مقام پر قبلہ رخ کی تصدیق یا درست سمت کا تعین کرنا چاہتے ہیں وہ اس وقت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پاکستان میں رہنے والے افراد کے لیے یہ منفرد موقع دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر دستیاب ہوگا۔ اس خاص وقت پر سورج کی براہِ راست پوزیشن دیکھ کر یا کسی بھی سیدھی کھڑی چیز (جیسے لاٹھی یا ستون) کے سائے کا مشاہدہ کر کے قبلہ رخ کا انتہائی درست اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس روایتی اور آزمودہ طریقے کے لیے کسی کمپاس، موبائل ایپلی کیشن یا جدید نیویگیشن سسٹم کی ضرورت نہیں رہتی بلکہ سورج اور زمین پر پڑنے والے سائے کی مدد سے قبلہ کی سمت کا بالکل ٹھیک اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

Related Posts