ملک کے نامور گلوکار، اداکار اور موسیقار علی ظفر نے کینیڈا میں منعقد ہونے والے ایک شاندار میوزیکل پروگرام کے ذریعے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔مسی ساگا میں منعقدہ اوپن ائیر کنسرٹ نے نئی تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈین شہر مسی ساگا میں واقع معروف مقام سیلبریشن اسکوائر پر ہونے والے اس اوپن ایئر کنسرٹ میں لگ بھگ 45 ہزار افراد شریک ہوئے۔ منتظمین کے مطابق یہ اجتماع اس مقام پر منعقد ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا موسیقی کا پروگرام ثابت ہوا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شرکاء کی غیرمعمولی تعداد کے باعث ہجوم صرف سیلبریشن اسکوائر تک محدود نہ رہ سکا بلکہ قریبی سڑکوں اور اطراف میں موجود سینٹر کے احاطے تک پھیل گیا، جس سے پروگرام کی مقبولیت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
یہ شو علی ظفر کے “روشنی ٹور 2026” کے شمالی امریکا مرحلے کی آخری پیشکش تھا۔ مفت اوپن ایئر کنسرٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کے ہزاروں افراد نے شرکت کی، جبکہ بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور خاندانوں پر مشتمل حاضرین نے ابتدا سے اختتام تک بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق پروگرام کا سب سے یادگار منظر اس وقت سامنے آیا جب علی ظفر نے اپنا مقبول نغمہ “جھوم” پیش کیا۔ اس موقع پر ہزاروں مداحوں نے اپنے موبائل فونز کی روشنیاں جلا دیں، جس سے پورا پنڈال دلکش روشنیوں میں نہا گیا اور ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا۔
بعد میں علی ظفر اسٹیج سے اتر کر مداحوں کے درمیان پہنچ گئے، جہاں حاضرین نے ان کا انتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا اور خوشی و جوش کا بھرپور اظہار کیا۔اس موقعے پر علی ظفر نے کہا کہ ہم سب انسانیت کی ایک مشترکہ زنجیر کا حصہ ہیں، اس لیے دنیا کے کسی بھی خطے میں رہتے ہوئے اپنی تہذیب، ثقافت اور شناخت پر فخر کرنا چاہیے۔
علی ظفر نے کہا کہ دوسروں کی آزادی اور ان کے انتخاب کا احترام ہی معاشروں کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کو اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کا اختیار ملنا چاہیے، بچوں کے خوابوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے اور مضبوط خاندانی رشتوں کیلئے بہتر رابطے اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








