سعودی عرب کے شہر جدہ میں کھیلے گئے ایشین چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے کوارٹر فائنل میں سعودی کلب ال ہلال نے جنوبی کوریا کی ٹیم گوانگجو کو ایک تاریخی شکست سے دوچار کرتے ہوئے سات صفر سے مقابلہ جیت لیا۔
یہ فتح نہ صرف ٹیم کی شاندار کارکردگی کا مظہر تھی بلکہ انہیں ایک بار پھر براعظمی ٹائٹل کے قریب بھی لے آئی ہے جو کہ ان کا ممکنہ طور پر پانچواں ایشیائی اعزاز ہوسکتا ہے۔
پہلے ہاف کے ابتدائی تینتیس منٹ ہی میں تین مختلف کھلاڑیوں نے گول اسکور کرکے مقابلے کو یکطرفہ بنا دیا۔ چھٹے منٹ میں سیلم الدوسری کے کارنر پر سرگے ملنکووچ ساویچ نے عمدہ ہیڈ کے ذریعے پہلا گول کیا۔
پچیسویں منٹ میں برازیلی کھلاڑی مارکوس لیونارڈو نے مالکوم کے پاس پر دوسرا گول کیا۔ اس کے بعد تینتیسویں منٹ میں لیونارڈو کے ایک گہرے پاس پر سیلم الدوسری نے برق رفتاری سے گیند کو جال میں ڈال کر تیسرا گول کیا۔
دوسرے ہاف میں بھی ال ہلال نے گوانگجو کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ پچپن ویں منٹ میں الیگزاندر میٹرووچ نے ساویچ کی جانب سے آنے والے کراس پر چوتھا گول داغا۔
انتر ویں منٹ میں مالکوم نے پانچواں گول کیا، جس کے چند لمحوں بعد متبادل کھلاڑی ناصر الدوسری کا شاٹ گول کیپر کی تبدیلی شدہ سمت کے باعث چھٹا گول بن گیا۔
آخر میں عبداللہ الحمدان نے اٹھاسی ویں منٹ میں ایک زبردست دائیں پاؤں کے شاٹ کے ساتھ ساتواں اور آخری گول کیا، جس نے گوانگجو کی ہزیمت کو مکمل کر دیا۔
یہ میچ جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں ہلال کے شائقین کی بڑی تعداد نے فتح کا جشن بھرپور طریقے سے منایا۔