کراچی میں شدید گرمی کے باعث اسکن ریش، الرجی، گرمی دانے، خارش اور فنگل و بیکٹیریل انفیکشنز جیسے مسائل سے دوچار شہریوں کے لیے ڈاکٹرز نے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
ڈاکٹرز نے گرمیوں میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے، صفائی کا خیال رکھنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے۔
شہر میں سخت گرمی، پسینہ اور ہوا میں نمی کی وجہ سے جلدی مسائل میں تیزی سے اضافہ ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈز قائم کردیے گئے۔
شہر قائد کے سب سے بڑے طبی مرکز جناح اسپتال میں بھی اس حوالے سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جہاں 22 بستروں پر مشتمل ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے۔
انچارج ایمرجنسی ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ جناح اسپتال میں قائم کیے گئے آئسولیشن وارڈ میں تمام انتظامات مکمل ہیں اور مریضوں کے علاج کے لیے ضروری ادویات اور دیگر سہولتیں موجود ہیں۔
ڈاکٹر عرفان کے مطابق اس وارڈ میں عملے کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ مریض کو فوری اور مؤثر علاج فراہم کیا جا سکے۔