ایم ایم نیوز کی خبر کا نوٹس، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے فور کے چورنگی سے تجاوزات ختم کرنیکا حکم دیدیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

laiq ahmed administrator karachi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ایم ایم نیوز ٹی وی کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے فور کے چورنگی سے تجاوزات فوری ختم اور چورنگی تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو بلال میمن، کے ایم سی اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ فورکے چورنگی کی ٹو ٹ پھوٹ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اس لئے اس کی فوری تعمیر کی جائے، انہوں نے بلال میمن کو ہدایت کی کہ وہ اس چورنگی پر تعمیراتی کام فوری آغاز کریں اور اگر کوئی رکاوٹ حائل ہے تو اسے فوری دور کیا جائے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ان تعمیراتی کاموں کو ترجیح دی جائے جس سے شہریوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے، انہوں نے سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کو ہدایت کی کہ فورکے چورنگی کے اطراف جو بھی تجاوزات قائم ہیں انہیں فوری ختم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سڑکوں پر موجود تمام چورنگیوں کو خوبصورت بنایا جائے گا اور سڑکوں کی گرین بیلٹس پر پودے لگائے جائیں گے تاکہ یہ سڑکیں بہتر اور خوبصورت نظر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ جو ادارے یا ملٹی نیشنل کمپنیاں چورنگیوں کو خوبصورت اور دلکش بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سے رابطہ کرسکتی ہیں اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت ان چورنگیوں کو بہتر کرنے کے لئے ان اداروں سے تعاون حاصل کیا جاسکتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ وہ فورکے چورنگی کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اس کے اطراف شجرکاری کریں تاکہ یہ علاقہ خوبصورت نظر آئے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں گھروں کو گرانے کا سلسلہ دوبارہ شروع، عوام کا شدید احتجاج

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی اور پارکوں اور گرین بیلٹس پر سبزہ کاری ان کی ترجیحات میں شامل ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بڑے بڑے منصوبوں کے آغاز سے کہیں بہتر ہے کہ موجودہ انفراسٹرکچر کو پہلے درست کیا جائے اور اس کے بعد نئے منصوبے شروع کئے جائیں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی بھی یہی ہدایت ہے کہ کراچی کے موجودہ انفرا اسٹرکچر کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

Related Posts