انٹر بورڈ میں جعلی تقرریوں کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

انٹر بورڈ میں جعلی تقرریوں کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی
انٹر بورڈ میں جعلی تقرریوں کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا ہے کہ انٹربورڈ میں تقرریوں کے حوالے سے چھپنے والے جعلی اشتہار اور جعلی تقرر ناموں کا معاملہ حل ہوگیا۔

ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ انٹر بورڈ نے جعل سازی میں ملوث ملازم کو معطل کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے بورڈ افسران پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

چیئرمین انٹربورڈ نے معاملہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پچھلے ماہ ایک اخبار میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے نوکریوں کا جعلی اشتہار دیا گیا تھا جس کی انٹربورڈ نے 2ستمبر 2021ء کو تردید جاری کردی تھی۔

اس حوالے سے یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ کچھ ملزمان کی جانب سے معصوم لوگوں کو انٹربورڈ میں نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورلئے گئے ہیں۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے نہ صرف ڈی آئی جی،ایس پی سینٹرل اور ڈی ایس پی سمیت متعلقہ تھانے کو خطوط لکھ کر معاملہ سے آگاہ کیا بلکہ اپنے طور پر بھی تحقیقات شروع کردی۔

انٹربورڈ کی تحقیقات میں ایک خاتون کا کردار سامنے آیا جو وقتاً فوقتاً انٹربورڈ آفس کا چکر لگاتی رہی تھیں اور لوگوں کو پیسوں کے عوض جعلی تقرر نامے فراہم کرنے میں ملوث تھیں، انٹربورڈ نے فوری طور پر اس خاتون کی نشاندہی محکمہ پولیس کو کی اور کارروائی کی درخواست بھی کی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ خاتون کو گرفتار کرلیا۔

دوران تفتیش خاتون نے بتایا کہ اس کے ساتھ اس کام میں دیگر افراد کے علاوہ انٹربورڈ کا نچلے گریڈ کا ایک ملازم بھی شامل ہے جو اسے تقرر ناموں کیلئے لیٹر ہیڈ اور متن فراہم کرتا تھا۔

مزید پڑھیں: ای او بی آئی میں جونیئر ترین افسر کو 3اعلیٰ عہدوں سے نواز دیا گیا

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے مزید بتایا کہ خاتون کی نشاندہی پر بورڈ کے ملازم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ انٹر بورڈ نے بھی اس ملازم کو معطل کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے بورڈ افسران پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے،جسے تحقیقات جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Posts