اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جعلی انوائس اسکینڈل میں ایف بی آر کی 42 درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔
ایف بی آر نے 1.2 ارب روپے کے جعلی انوائس اسکینڈل سے متعلق وفاقی ٹیکس محتسب کے سو موٹو کیسز کے خلاف صدر مملکت عارف علوی کو 42 درخواستیں کررکھی تھیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے اس حوالے سے دائر 42 درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے نمٹا دیا۔
صدر مملکت نے ایف بی آر کو ماہانہ عمل درآمد رپورٹ وفاقی محتسب کو پیٍش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان کو شنوائی کا حق دینے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔
اسکینڈل میں ایف بی آر حکام نے جھوٹے دعوے داروں کو جزوی يا مکمل طور پر سیلز ٹیکس ریفنڈ ادا کئے تھے، ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس نے اس جعلسازی کا پردہ چاک کیا تھا۔
فیلڈ فارمیشن کو ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے باوجود ملوث حکام کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے واقعے پر سو موٹو نوٹس لیتے ہوئے ذمے داران کا تعین کرنے اور تادیبی کاروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔
ایف بی آر نے صدر مملکت کے احکامات اور وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر 130 جعلی ریفنڈ کیسز سے نمٹنے کے لئے 6 انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی، انکوائری کمیٹیوں کو ذمے داران کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ چارج شیٹ کا مسودہ 30 دنوں میں پیش کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا