کراچی: لیاری میں چینی باشندے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چینی شہری سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، پولیس نے واقعے کو ٹارگیٹڈ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے شاہ عبداللطیف بھٹائی روڈ پر نامعلوم ملزمان نے چینی باشندے سمیت 2 افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چینی شہری جیسن کی حالت خطرے سے باہر ہے جس کے جسم میں گولی پیوست نہیں ہوسکی۔ جیسن ساؤتھ سٹی ایریا میں صفائی سے متعلق کمپنی کا ملازم تھا تاہم پاکستانی شہری خالد کو گولی پیٹ میں لگ گئی۔
خالد کی جان بچانے کیلئے ہسپتال میں طبی امداد مہیا کی گئی۔ ایس ایس پی لیاری کے مطابق فائرنگ بغدادی تھانے کی حدود میں کی گئی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ابتدائی تحقیقات میں ٹارگیٹڈ محسوس ہوتا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی، گاڑی کا شیشہ لگا جس کے نتیجے میں چینی باشندہ زخمی ہوگیا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ فائرنگ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کی۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی میں چینی باشندے کا ترجمان اور ڈرائیور سوار تھے۔ گاڑی میں بیٹھا کوئی بھی شخص حیرت انگیز طور پر زخمی نہیں ہوسکا۔ ایک راہگیر جو فائرنگ کی زد میں آگیا، وہ بھی زخمی ہوا ہے۔ 9 ایم ایم گولیوں کے 2 خول بھی برآمد ہوئے۔
لیاری پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آسکے کہ کوئی ڈکیتی ہوئی ہو یا ڈاکوؤں سے جھڑپ یا مزاحمت کی گئی ہو۔ چینی شہری صفائی کیلئے آمدورفت جاری رکھتے ہیں۔ واقعہ عوام میں خوف و ہراس اور نقصِ امن کی سازش لگتی ہے۔ملزمان کو قرارواقعی سزا دلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ یونیورسٹی کا طالبِ علم پولیس مقابلے میں جاں بحق، عوام کا انصاف کا مطالبہ